ممبئی، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ممبئی کے مضافاتی علاقے اندھیری میں آج صبح ایک چال میں واقع ایک میڈیکل اسٹور میں آگ لگنے سے 5 بچوں سمیت 9افراد ہلاک ہو گئے اور ایک دمکل اہلکار زخمی ہو گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے 5 بچوں میں ایک بچہ 3 مہینے کا تھا۔ممبئی پولیس کے ترجمان اشوک دودھے نے بتایا کہ آگ آج صبح اندھیری وائرلیس روڈ پر جوہی گلی میں ایک چال کے گراؤنڈ فلور پر واقع وفا میڈیکل اسٹور میں لگی۔پولیس نے بتایا کہ شروع میں آگ سے 8 افراد کی موت ہوئی اور بعد میں ایک خاتون نے اسپتا ل میں دم توڑ دیا جو شدید جھلس گئی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ آگ کی زد میں آئے لوگ اس احاطے کے پہلی اور دوسری منزل پر رہتے تھے۔پولیس اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 120مربع فٹ کے میڈیکل اسٹور میں لگے بجلی کے تار اور بجلی کے دیگر سامانوں میں آگ پکڑ لیا۔اس کے بعد آگ گراؤنڈفلور اور دو دیگر منزلوں والی چال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی جہاں تقریبا 17-18لوگ رہ رہے تھے۔فائر بریگیڈ اور پولیس حکام کو لگتا ہے کہ چال کے اندر بہت تنگ سیڑھی ہونے کی وجہ سے لوگ وہاں پھنس گئے اور آگ میں گھر گئے۔ممبئی میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ محکمہ کے سربراہ پی ایس رہانگڈلے نے کہاکہ آگ کی زد میں آئے لوگ واقعہ کے وقت نیند میں تھے اور انہیں باہر آنے کا راستہ نہیں مل سکا۔انہوں نے بتایا کہ اندیشہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ، لیکن صحیح وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے جانچ جاری ہے۔آگ کی زد میں آئے لوگوں کو قریبی کوپراسپتا ل پہنچایا گیا۔